نئی دہلی، 18؍مارچ(ایس او نیوز؍ایجنسی) وزیر اعظم نریندر مودی نے بدھ کے روز ملک میں کورونا کے بڑھتے ہوئے معاملات کے پیش نظر مختلف ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کے ساتھ ایک میٹنگ کی ہے-
انہوں نے کہا کہ ملک میں کورونا کی دوسری لہر کو فوری طور پر روکنا ہوگا اور اس کیلئے فوری طور پر فیصلہ کن اقدامات کرنے ہوں گے-وزیر اعظم نے وزرائے اعلیٰ سے کہا کہ آج ہم کورونا کی لڑائی میں جس حد تک پہنچے ہیں، اسے لاپرواہی میں تبدیل نہیں کیا جانا چاہئے-
واضح رہے کہ اس میٹنگ میں کورونا سے متعلق ملک میں اعدادوشمار بھی پیش کیے گئے تھے، جس میں کہا گیا ہے کہ اس وقت ملک کے 70؍ اضلاع میں کورونا میں 150 فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا ہے-
وزیر اعظم نے کہا کہ ابھی ٹسٹ کو اتنا ہی سنجیدگی سے لینا ضروری ہے جیسا کہ گزشتہ ایک سال سے ہورہا ہے- انہوں نے کہا کہ ہر متاثرہ شخص کے رابطوں کو کم سے کم وقت میں ٹریک کرنا اور آر ٹی پی سی آر ٹسٹ کی شرح کو70فیصد سے اوپر رکھنا بہت ضروری ہے- وزیر اعظم نے چھوٹے شہروں میں اضافہ جانچ پر بھی زور دیا-